سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ظلم و مہنگائی اور ہورہی ہے اور جس نے بھی ان لوگوں کو سازش کے تحت حکومت پر بٹھایا ہے اس ملک کی تاریخ ان کو معاف نہیں کرے گی۔ فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس ملک کی 75 سالہ تاریخ کبھی بھی اتنی بیدار نہیں تھی جتنی اب ہے، 17 تاریخ کو ایک جاگی ہوئی قوم ووٹ ڈالنے جائے گی۔ حکمراں اتحاد پر الزامات عائد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں نے مل کر 10 سال ملک کو لوٹا تھا اور اپنے کیسز معاف کروائے، میں سپریم کورٹ گیا ہوں جہاں کیس لگنے والا ہے اور میں ان کے خلاف آخری گیند تک لڑوں گا اور ان کو 1100 ارب روپے ہضم کرنے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بڑا احسان کیا کہ پہلے ڈیزل کی قیمت 130 روپے بڑھا دی اور اس کے بعد 35 روپے نیچے لے آئے، آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت اس سے کم ہے جب ہم گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پٹرول کی قیمت 150 اور ڈیزل کی قیمت 144 روپے ہونی چاہیے لیکن جواز آئی ایم ایف کا حکم ہے، ہم نے ڈھائی سال آئی ایم ایف کے ساتھ گزارا کیا، انہوں نے ہم پر قیمتیں بڑھانے پر زور ڈالا لیکن ہم نے نہیں مانا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارا انصاف کا نظام بڑے بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑ سکتا، صرف چھوٹے چوروں کو جیل میں ڈالتا ہے، یہی پاکستان کا المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا سارا ٹبر باہر ہے یہاں صرف ریڈیو آکاشوانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج آپ کے سامنے قومیں تباہ ہو رہی ہیں، سری لنکا میں ایک خاندان 20 سال سے حکومت کر رہا تھا، وہ امیر ہوگیا لیکن ملک کا دیوالیہ نکل گیا اور آج وہ ملک سے باہر بھاگ گئے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ افغانستان کی گزشتہ حکومت کا سربراہ بھی جیسے ہی افغانستان گرا وہ بھی پیسہ لے کر باہر چلا گیا اس لیے کہ کرپٹ حکومت کے ساتھ عوام کھڑے نہیں تھے، وہی سری لنکا اور لبنان میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی ان لوگوں کو سازش کے تحت حکومت پر بٹھایا ہے، اس ملک کی تاریخ ان کو معاف نہیں کرے گی، ملک پر ظلم ہو رہا ہے، مہنگائی ہو رہی ہے اور ہمارے دور میں ریکارڈ ٹیکسٹائل برآمدات ہوئیں۔ عمران خان نے کہا کہ یہ انتخابات میں دھاندلی کرنے کے لیے پوری کوشش کریں گے لیکن جوان تیار رہیں اور ہم ان کو شکست دیں گے۔
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">