عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اس معاہدے کے نتیجے میں ملک کو فوری ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی رقم مل جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر جیری رائس نے واشنگٹن میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ پروگرام کے ساتویں اور آٹھویں مشترکہ جائزے پر ایک معاہدہ ہے، جس کے نتیجے میں کافی حد تک فوری طور پر پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پروگرام کے تحت پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے ملنے والی مجموعی رقم تقریباً 4 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
قسط جاری کرنے کے ٹائم فریم کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے آئی ایم ایف کے عہدیدار نے کہا کہ ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ اب سے 3 سے 6 ہفتوں کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان نے بدھ کے روز عملے کی سطح پر ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت قرض دہندہ کو امید ہے کہ ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور کرنسی کی قدر میں بہتری آئے گی۔
آئی ایم ایف نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ اس سے مہنگائی میں کمی آئے گی اور پاکستان کا سیاسی عدم استحکام ختم ہوگا۔