سری لنکا کے قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے نے رات گئے سیاسی و معاشی بحران سے متاثرہ جزیرہ نما ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق ملک میں ہنگامی حالات کے نفاذ کا مقصد اس ہفتے کے آخر میں نئے صدر کے انتخاب کے لیے پارلیمان میں ہونے والی ووٹنگ سے قبل بدامنی کو روکنا اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنا ہے۔
سری لنکا کے مشکل صورتحال سے دوچار رہنماؤں نے اپریل کے بعد سے اب تک کئی مرتبہ ملک میں ہنگامی حالت نافذ کی ہے جب کہ حکومت کی جانب سے شدید معاشی بحران اور اشیائے ضروریہ کی مسلسل قلت سے نمٹنے میں ناکامی کے خلاف عوامی مظاہروں نے شدت اختیار کرلی تھی۔
ہنگامی حالت کے نفاذ سے متعلق جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوام کی سلامتی، امن عامہ کے تحفظ اور کمیونٹی کی زندگی کے لیے ضروری سامان اور خدمات کی فراہمی کے مفادات میں ایسا کرنا مناسب ہے۔