شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس،نئے نیب قانون کے تحت ریفرنس خارج کرنے کیلئے درخواستیں دائر کرنے کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی

اسلام آباد(سی این پی)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں ملزمان کی جانب سے نئے نیب قانون کے تحت ریفرنس خارج کرنے کی درخواستیں دائر کرنے کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر عثمان مسعودمرزا، بیرسٹر قاسم نواز عباسی، شاہد خاقان عباسی اور دیگر عدالت پیش ہوئے جبکہ سابق وزیر اعظم کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ عدالت پیش نہ ہوئے، عدالت نے ملزمان کی حاضری لگائی، دوران سماعت ملزمان نے نئے نیب قانون پر مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کردی، وکیل صفائی نے کہاکہ نئے نیب قانون کے تحت ایل این جی ریفرنس کا ٹرائل نہیں کیا جاسکتا،نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ایل این جی ریفرنس میں منی لانڈرنگ کی دفعات شامل ہیں ختم نہیں ہوسکتا، اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اینٹی منی لانڈرنگ عوامی عہدہ رکھنے والے پر لگائی جاسکتی ہے، میرے خلاف جو کیس چلانا ہے چلائیں بےگناہ شریک ملزمان کو نہ پھنسائیں، عدالت نے کہاکہ جن ملزمان نے نئے نیب قانون کے تحت ریلیف لینا ہے تحریری درخواستیں دیں اور سماعت2 اگست تک کیلئے ملتوی کردی۔