ترکی کے سفیر مہمت پیکاسی نے جمعرات کو اسلام آباد میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔انہوں نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے، ترک سفیر نے ہوا بازی کی صنعت میں پی اے ایف کی بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیت کا اعتراف کیا۔اس موقع پر ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے ہیں جو دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان مضبوط تعلقات سے ظاہر ہوتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک خوشگوار تعلقات سے لطف اندوز ہیں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔