اوگرا کا صارفین کے لیے گیس ریگولیٹری اصلاحات پر گول میز کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد(سی این پی) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سوئی گیس ریگولیٹری اصلاحات پر ایک گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کی صدارت اوگرا کے چیئرمین مسرور خان نے کی، جس میں جناب محمد عارف، ممبر (گیس) اور جناب زین العابدین قریشی، ممبر (آئل)، اوگرا کے کارپوریٹ افیئرز ڈیپارٹمنٹ ، گیس ڈیپارٹمنٹ کے سینئر ایگزیکٹوز کے ساتھ اسلام آباد، پشاور اور لاہور سے تعلق رکھنے والےڈی ای اوز نے بھی شرکت کی۔

افتتاحی کلمات میں مسرور خان، چیئرمین اوگرا نے کہا کہ اوگرا اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ قائم کرنے اور صارفین کے مسائل کو حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 51 فیصد مسائل اس وقت حل ہو جاتے ہیں جب اسٹیک ہولڈرز ایک ہی چھت کے نیچے بیٹھیں اور باقی 49 فیصد آپس میں گفت و شنید سے حل کیا جا سکتا ہے۔
زین العابدین ممبر آئل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تنقید کو برائے اصلاح لیں تب ہی ہم صحیح سمت میں کامیابی کے ساتھ سفر طے کر سکتے ہیں۔
راؤنڈ ٹیبل ایونٹ میں ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ آف پاکستان کے ساتھ ساتھ وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کے نمائندے بھی موجود تھے۔ سرحد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اسلام آباد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں، چیئرمین کوآپریٹو سی این جی ایسوسی ایشن کے پی کے جناب عالم زیب نے ایس این جی پی ایل، بلنگ وغیرہ کے حوالے سے اپنے مسائل بیان کیے۔ اس موقع پر دیگر صارفین بھی موجود تھے ۔ایس این جی پی ایل نے صارفین کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیا اور مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اتھارٹی نےایس این جی پی ایل کو ہدایات دیں کہ وہ ان مسائل کو پائیدار بنیادوں پر حل کرنے کو یقینی بنائے ۔ محمد عارف، ممبر گیس اوگرا نے اپنے اختتامی کلمات میں یہ یقین دلایا کہ اوگرا صارفین کے مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گا۔