پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماحمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ برقرار رہنے پر پنجاب کے مختلف شہروں میں کارکنوں نے جشن منایا۔رپورٹس کے مطابق ملتان،کمالیہ،حافظ آباد،سیالکوٹ،شکرگڑھ، رحیم یارخان میں ن لیگ کےکارکنوں نے سڑکوں پرنکل کر حمزہ شہباز کی کامیابی پرجشن مناتے ہوئے بھنگڑے بھی ڈالے۔اس کے علاوہ حمزہ شہباز کے دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر پیپلز پارٹی کی جانب سے حیدرآباد کے علاقے حیدر چوک پر جشن منایا گیا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف احتجاج کی کال پر مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔
رپورٹس کے مطابق عمران خان کی کال پر اسلام آباد کے ڈی چوک اور لاہور کے لبرٹی چوک پر شہریوں کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا جبکہ کراچی میں نرسری پر احتجاج کی وجہ سے سڑک بند ہونے سے بلوچ کالونی پل تک ٹریفک جام ہوگیا۔
اس کے علاوہ پشاور کی ہشت نگری میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا جبکہ راولپنڈی میں مظاہرین نے چاندنی چوک سے کمرشل مارکیٹ تک ریلی نکالی۔
دوسری جانب حیدرآباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے حیدر چوک پر دھرنا دیا اور پیپلز پارٹی کے کارکن کی گاڑی کا گھیراؤ کیا۔رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔