وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ ستمبرمیں پاک بھارت وزرائےاعظم ملاقات کاکوئی پلان نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس سے خطاب کیا اور اجلاس کی سائیڈلائنز پر روسی وزیرخارجہ سے بھی بات چیت کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت ہماراپڑوسی ملک ہے،آپ بہت سی چیزوں کا انتخاب کرسکتےہیں مگر پڑوسی کا نہیں، ہمیں اپنے پڑوسی کےساتھ رہنےکی عادت ڈالنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگست 2019کے بعد بھارت کے ساتھ تعمیری بات چیت مشکل ہوئی اور بھارتی سیاستدانوں کے اسلاموفوبیا پر مبنی بیانات بات چیت کو مشکل بنارہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربھارت دونوں ایس سی اوکاحصہ ہیں، دونوں ممالک صرف ایس سی اوکی وسیع البنیاد سرگرمیوں کےتناظرمیں انگیج ہیں تاہم بھارت کےساتھ کسی دوطرفہ ملاقات کاپلان نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنےلوگوں کے لیے اقتصادی مواقع تلاش کرنےکی کوشش کررہے ہیں،امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں۔