زمین پر غیر قانونی قبضے کا کیس،دو افراد کو پانچ سال قید، دس لاکھ روپے جرمانہ،افضل کھوکھر گرفتار،چوہدری عبدالرحمان فیصلے سنانے سے قبل فرار

اسلام آباد(سی این پی )اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے زمین پر قبضے کے ایک کیس میں دو افراد کو پانچ سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔عدالتی فیصلے کے بعد پولیس نے ایک ملزم محمد افضل کھوکر کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا چوہدری عبدالرحمان فیصلہ سنانے سے قبل ہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔عدالت نے ایس ایس پی اور ایس ایچ اوتھانہ کورال کوحکم جاری کیا ہے کہ مفرو ر ملزم کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل بھجوایا جائے ۔
درخواست گزار اشیاق السالکین نے ابتداءمیں ایک دیہائی پرانے 135کنال اراضی قبضہ کیس میںامتیاز عرف تاجی کھوکھر اورچوہدری علی اکبرکو دیگر پانچ افرادکے ساتھ نامزد کیا تھا تاہم انکی موت کے بعد انکے نام ختم کردئیے گئے تھے ۔درخواست گزار کا کہناتھا کہ رحمن اور اسکے ساتھیوں نے اسکی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کےلئے 135کنال زمین فروخت کرنے کوکہا جس پر اس نے انکی پیش کش کو مستردکرتے ہوئے زمین فروخت کرنے سے انکارکردیا لیکن انہوںنے زبردستی زمین ہتھیا لی ۔رواں سال مارچ میں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج عبدالغفورکاکڑ نے ڈپٹی کمشنر ،آئی جی اور ایس ایس پی کو زمین سے قبضہ چھڑانے اور واپس اصل مالک درخواست گزار کو قبضہ دلوانے کا حکم جاری کیا تھا،چوہدری عبدالرحمان اس سے قبل بھی سی ڈی اے کی عدالت میں اپنے منہ بولے بھانجے عثمان کو گرفتار کروا کر رفو چکر ہو گیا تھا اسے اس مقدمے میں عدالت کی جانب سے جرمانے کی سزا بھی ہوئی تھی۔