وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے ریڈ زون میں کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو سختی سے نمٹا جائے گا، پی ٹی آئی فارن ایجنٹ ثابت ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسلام آباد کے ریڈ زون میں کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، کل پی ٹی آئی والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریڈ زون میں احتجاج پر پابندی رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں کسی نے داخل ہونے کی کوشش کی تو پھر گلہ نہیں کرنا، متنبہ کرتا ہوں ریڈ زون کے اندر داخل ہونے کی کوشش نہ کریں، الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت نہیں ہے، پی ٹی آئی کل احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانا چاہتی ہے، ٹیئر گیس کے استعمال کو بھی پھر آپ ظلم اور بربریت سمجھتے ہیں۔