وزیر اعظم شہباز شریف نے کامن ویلتھ گیمز کے مختلف مقابلوں میں میڈلز جیتنے والے قومی ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کے لیے ان سے ملاقات کا اعلان کیا ہے۔شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ نوح بٹ، ارشد ندیم،شریف طاہر، زمان انور، انعام بٹ، شاہ حسین شاہ، علی اسد اور عنایت اللہ نے مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کاسر فخرسے بلند کر دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان پاکستانی ایتھلیٹس نےاقوام عالم میں پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا ہے، یہ سب پوری قوم کا فخر ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ان تمام ایتھلیٹس سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کروں گا، کامن ویلتھ گیمز میں شریک دیگر پاکستانی ایتھلیٹس بھی قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ایتھلیٹس بھی محنت اور لگن سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے، حوصلہ مت ہاریں، محنت جاری رکھیں۔