وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘وام’ نے گزشتہ ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ ریاست مختلف شعبوں میں پاکستانی کمپنیوں میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ اقدام ممکنہ طور پر ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگا جو غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے ساتھ روپے کی قدر میں کمی کے باعث پریشان ہیں۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کو کئی سالوں سے فراہم کی جانے والی معاونت کو اجاگر کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کےلیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے یو اے ای میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصانات اور ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی جوانوں کی شہادت پر بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپریل 2022 میں متحدہ عرب امارات کے دورے میں کیے گئے فیصلوں کو دہرایا اور دونوں رہنماؤں نے اس پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جبکہ سرمایہ کاری، توانائی اور انفرااسٹرکچر کی تعمیر میں شراکت داری سمیت تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ اعتقاد، اقدار اور ثقافت سے جڑی ہیں، متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ذریعہ ہے اور وہ 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق ابوظہبی کے حکومتی ذرائع سے سرکاری خبرایجنسی وام نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی مختلف شعبوں کی کمپنیوں میں ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، جس میں گیس، توانائی کا انفرااسٹرکچر، قابل تجدید توانائی اور صحت کا شعبہ شامل ہے۔