الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ ضبط کرنے سے متعلق عمران خان کو جاری شوکاز نوٹس پر جواب جمع دینے کے لیے 4 ہفتوں کا وقت دینے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 6ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبط کرنے سے متعلق شوکاز نوٹس پر سماعت کی، سماعت میں پی ٹی آئی کے سینئیر وکیل پیش نہ ہوئے اور معاون وکیل نے بتایا کہ انور منصور سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔
تحریک انصاف نے متعلقہ دستاویزات جمع اور جواب دینے کے لیے وقت مانگا تو چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ساری دستاویزات تو پی ٹی آئی کیس میں دے چکی تھی، اس پر معاون وکیل نے مؤقف اپنایاکہ پی ٹی آئی فارن چیپٹر سے بھی دستاویزات منگوانی ہیں، جس قسم کا آرڈر آیا ہے بہت سی چیزوں کی تفصیل بتانی ہے۔
تاہم معاون وکیل نے استدعا کی کہ کم از کم دو ہفتے کا وقت تو دیں جس پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے 6 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔