وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کےطالب علموں کے لیے مراعات کا بڑا پیکج دینےکا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایچ ای سی اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز سمیت وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں پیکج کی تیاری پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کی فیسوں کی معافی جبکہ انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ طلبا کے لیے وظائف کا فیصلہ کیا ہے۔
متاثرہ علاقوں کےطلبا کا تعلیمی مستقبل بچانے کے لیے وزیراعظم نے پیکج کی تیاری کی ہدایات دی ہیں اور اس فیصلے پر عمل درآمد کےطریقہ کار کے لیے وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے مل کرکام شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کےلیے عطیات جمع کرنےکی مہم شروع کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اس مہم کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں خوراک، خیمے، میڈیکل کیمپس اور عارضی اسکول بھی قائم کیے جائیں گے۔