پاکستان نے سنکیانگ میں انسانی حقوق کے متعلق انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کی رپورٹ کے اجراء پر کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے کثیر الجہتی عزم کے ساتھ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے جس میں سیاسی آزادی، خودمختاری اور ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کا احترام شامل ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارا یہ مستقل موقف ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی احترام کو فروغ دینے کے لیے غیر سیاسی کاری، عالمگیریت، معروضیت، گفت شنید اور تعمیری بات چیت اہم عنصرہونے چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان سنکیانگ میں سماجی و اقتصادی ترقی، ہم آہنگی اور امن و استحکام کے لیے چین کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے گزشتہ 35 سال میں 700 ملین سے زیادہ لوگوں کو غربت سے نکالنے میں کامیابی حاصل کی ہے، اس طرح ان کے حالات زندگی میں بہتری آئی ہے اور بنیادی انسانی حقوق سے مستفید ہوئے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے نظام کے ساتھ ساتھ او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ کے ساتھ چین کی تعمیری بات چیت کو سراہتے ہیں، جیسا کہ انسانی حقوق کے سابق ہائی کمشنر اور او آئی سی کے وفد کے چین کے دوروں سے ظاہر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق انسانی حقوق کو عالمی سطح پر آگے بڑھانے کے لیے اپنے مستقل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔