اسرائیلی وزیرِ اعظم یائر لیپڈ نے مغربی پٹی میں فلسطینی صحافی شیرین ابو عاقلہ کے قتل میں ملوث اہلکار کو سزا دینے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بیرونی تعریف کے لیے اپنے اہلکار پر مقدمہ چلانے کی اجازت نہیں دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں صورتحال سے نمٹنے کے قواعد پر کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، فوجیوں کو اسرائیلی حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان ویڈینٹ پٹیل نے ابوعاقلہ کے قتل کے ذمے داروں پر مقدمہ چلانے کی تجویز دی تھی۔ویڈینٹ پٹیل کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر دباؤ ڈالتے رہیں گے کہ وہ حالات سے نمٹنے کے قواعد کی پالیسیوں اور طریقوں کا جائزہ لے۔
ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل شہری نقصان کا خطرہ کم کرنے کے لیے اضافی اقدامات پر غور کرے۔واضح رہے کہ مغربی پٹی میں اسرائیلی فوج کے آپریشن کے دوران شیرین ابو عاقلہ کے سر پر گولی لگی تھی۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ابو عاقلہ کو ممکنہ طور پر اسرائیلی اہلکار نے گولی ماری ہے۔