جمعیت علماء اسلام صوبے میں عوام کے حقوق کی ترجمانی کررہی ہے، مولانا عبدالواسع

کوئٹہ(سی این پی)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و فاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع‘صوبائی جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام صوبے میں عوام کے حقوق کی ترجمانی کررہی ہے آئندہ عام انتخابات میں ایک سیاسی و مذہبی قوت بن کر ابھرے گی صوبے کے عوام نے ہمیشہ جمعیت علماء اسلام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے آئندہ صوبے میں جمعیت علماء اسلام کی حکومت ہوگی جس میں عوام کے مسائل حل ہوگی‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی دفتر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں اور عہدیداروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کا پیغام گھر گھر پہنچائیں کیونکہ مرکزی امیر نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی اور پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے یہودی لابی نے کوشش کی کہ ملک میں اسلام کو کمزور کیا جاسکتا ہے مگر جمعیت علماء اسلام کے ہوتے ہوئے یہودی لابی کے ہر سازش کو ناکام بنایا گیا ہے جمعیت علماء اسلام بلوچستان میں ایک سیاسی و مذہبی قوت ہے جنہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے طویل جدوجہد کی ہے اور صوبے کے عوام نے ہر انتخابات میں چاہئے جمعیت علماء اسلام اپوزیشن میں ہو یا حکومت میں اعتماد کا اظہا رکیا ہے ہمیں اپنے عوام پر ناز ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے انہوں نے کہاکہ اس سال بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور بارشوں نے تمام نظام کو مفلوج کر رکھ دیا اور لوگوں کے باغات اور فصلات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تمام اضلاع میں حکومتی سروے ٹیم کے ساتھ مل کر ان کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تمام متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل ہو کر ان تک امداد مل سکے وفاقی حکومت بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔