وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر نومبر کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے۔
اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی صدر کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کو یہ دعوت شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے شہر سمرقند میں ملاقات کے دوران دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے بھی وزیراعظم کو دورہ ماسکو کی دعوت دی ہے اور یہ دورہ بھی ہوگا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ چینی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران انہیں ایک موثر اور عملی رہنما تسلیم کیا اور سی پیک منصوبے کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شی جن پنگ نے پاکستان کو ہمہ وقت کا سٹریٹجک دوست قرار دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ روسی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں یوکرین پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ روس نے پاکستان کو گندم اور گیس برآمد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان نے غیرمعمولی سیلاب کا سامنا کرنے والے پاکستان کی حمایت اور تعاون کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔