متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے لال حویلی سمیت 7 اراضی یونٹس پر غیر قانونی قبضہ پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کردی ہے، متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے شیخ رشید کو اصالتا یا وکالتا پیش ہونے کا حکم دے دیا۔راولپنڈی کی لال حویلی کے ایک یونٹ سمیت سات اراضی یونِٹس پر قبضے سے متعلق متروکہ وقف املاک زونل دفتر راولپنڈی میں سماعت ہوئی، شیخ رشید کے وکیل ایڈووکیٹ سردار شاہ زیب اور انکے سیکرٹری فیاض متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کے سامنے پیش ہوئے۔
شیخ رشید کے وکیل نے نیا وکالت نامہ جمع کرا کے استدعا کی کہ دستاویزات کی تیاری کیلئے مہلت دی جائے اور شیخ رشید بوجہ سیاسی مقدمات کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو تین بجے تک پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن سابق وفاقی وزیر پیش نہ ہوئے جس پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک نے شیخ رشید کو آخری موقع دیتے ہوئے 21 ستمبر تک سماعت ملتوی کردی۔
شیخ رشید کے خلاف وقف املاک کی اراضی پر قبضے سے متعلق انکوائری 1994 میں شروع ہوئی جس کے بعد ان کو متعدد نوٹسز جاری کئے گئے، متروکہ وقف املاک کی دستاویزات کے مطابق شیخ رشید نے لال حویلی سمیت سات اراضی یونِٹس پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے۔