پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان انگلش ٹیم نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، انگلش ٹیم کی جیت میں اہم کردار اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے بائولر لیوک ووڈ اور تین سال کے بعد ٹیم کا حصہ بننے والے ایلکس ہیلز نے ادا کیا، تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، محمد رضوان 68، بابر اعظم 31 اور افتخار احمد 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے باقی کوئی بھی بیٹر نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، حیدر علی گیارہ، شان مسعود سات، محمد نواز چار، خوشدل شاہ پانچ ناٹ آئوٹ، نسیم شاہ صفر اور عثمان قادر بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آئوٹ رہے، انگلینڈ کی جانب سے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے لیوک ووڈ نے تین، عادل رشید نے دو جبکہ سام کورن اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے میچ چھ وکٹوں سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، انگلینڈ کی جانب سے تین سال کے وقفے کے بعد میدان میں اترنے والے ایلکس ہیلز نے 53 جبکہ ہیری بروکس نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ڈیوڈ ملان بیس اور بین ڈکیٹ اکیس رنز بنا سکے، پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے دو جبکہ حارث رئوف اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی