بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنوار کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔گزشتہ روز بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار ہونے والے ملزم شاہنواز کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے ملزم شاہنواز کے والدین کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست کی جس پر جج نے استفسار کیا کہ آپ کو کس لیے ملزم کے والدین کے وارنٹ گرفتاری چاہئیں؟
تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ملزم شاہنواز کے والدین سے تفتیش کرنی ہے، جس پر عدالت نے ملزم شاہنواز کے والد ایاز امیر اور والدہ کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست منظور کر لی۔
بعد ازاں عدالت نے ملزم شاہنواز کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کرتے ہوئے اسے اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد کے فام ہاؤس میں شاہنواز نے اپنی اہلیہ سارہ کو سر پر لوہے کی راڈ مار کر بے ہوش کیا اور پھر اسے نہانے والے ٹب میں ڈال کر پانی کھول دیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔