آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں سرحدوں اور اندرونی سیکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی کو دوبارہ سراٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت 251 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں بیرونی اور اندورنی سلامتی کی صورت حال خاص طور پر سیلاب اور ملک بھر میں آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی کوششوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
Army Chief expresses satisfaction over operational preparedness of formations, directs them to maintain strict vigil to guard against any threat@OfficialDGISPR https://t.co/Ccei4se8eF pic.twitter.com/QJxHlDsvAY
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) September 28, 2022
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں متاثرین کی مدد کے لیے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے پر فارمشنز کی کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف نے وبائی امراض کا پھیلاؤ روکنے اور سیلاب متاثرین خصوصاً بچوں اور خواتین کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے پر فوجی ڈاکٹروں اورطبی عملے کی تعریف کی۔
کورکمانڈرز اجلاس کے دوران آرمی چیف نے پاک فوج کے انجینئرز کی تعریف کی کہ انہوں نے ہنگامی طور پر سڑکوں کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
آرمی چیف نے فارمشینز کو امداد، بحالی اور تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی بحال کرنے پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اجلاس میں سرحدوں کی صورت حال، داخلی سلامتی اور پاک فوج کے دیگر پیشہ ورانہ امور پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے سیکیورٹی کے ماحول کا مکمل جائزہ لیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس بات کو برداشت نہیں کیا جائے گا کہ دہشت گردی دوبارہ سراٹھائے اور آرمی چیف نے فارمیشنز کو ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں۔
فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے تمام فارمیشنز کو خطرات کے خلاف چوکس رہنے کی ہدایت کی۔