وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن موسمیاتی سیلاب اور بارشوں سے دس لاکھ سے زائد گھر تباہ اور 4.3 ملین ایکڑ کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں۔برلن میں دو طرفہ ملاقات کے بعد اپنی جرمن ہم منصب اینالینا بیرباک کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد، پاکستان سرسبز و شاداب اور زیادہ ماحولیاتی لچکدار انداز میں دوبارہ تعمیر کا خواہشمند ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے لوگوں کے لیے موسمیاتی انصاف چاہتا ہے، کیونکہ یہ عالمی کاربن فٹ پرنٹ کا ایک فیصد سے بھی کم پیدا کرتا ہے لیکن موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تشویشناک صورتحال علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرات کا باعث ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں۔