وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق عمران خان کے خلاف مقدمہ ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے درج کیا گیا۔
ذرائع ایف آئی اے نے بتایا کہ مقدمہ ایف آئی اے بینکنگ سرکل تھانے میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں ابراج گروپ کے اکاؤنٹ سے 21لاکھ ڈالر کی رقم کی منتقلی کا ذکر ہے اور مقدمے میں سردار اظہر طارق، طارق شفیع اور یونس عامر کیانی بھی نامزد ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ابراج گروپ نے تحریک انصاف کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے، یہ پیسے ایک بینک کی جناح ایونیو برانچ میں بھیجے گئے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے عارف نقوی کا بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرایا تاہم عارف نقوی کا الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیابیان حلفی جھوٹا اورجعلی ہے۔