نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان بھر میں مقیم شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کی غرض سے جدید ترین موبائل ایپلی کیشن ‘رہبر’متعارف کر دی ہے۔ اس موبائل ایپ کے ذریعے اب پاکستانی شہری چند کلکس کے ذریعے نہ صرف اپنے قریب ترین نادرا سروس سنٹرز بارے تفصیلات جان سکیں گے بلکہ مزید سہولیات سے بھی استفادہ کر سکیں گے۔
چیئر مین نادرا طارق ملک نے اس ایپ کے اجراء کے موقع پر بتایا کہ جو شہری اپنے علاقے میں موجود قریب تر نادرا دفتر کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں وہ اب ‘رہبر’ایپ کے ذریعے نادرا دفتر تشریف لانے سے پہلے مذکورہ دفتر کی لوکیشن، فاصلہ، درخواست گزاروں کی تعداد سمیت اوسط پروسسنگ وقت کو مد نظر رکھتے ہوئے با خبر فیصلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کو مد نظر رکھتے ہوئے اس طرح کے اقدامات کا مقصد نادرا دفاتر کو محض رجسٹریشن مراکز کی بجائے شہریوں کیلئے سہولیات پر مبنی دفاتر میں تبدیل کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ‘رہبر’موبائل ایپ کو مجموعی طور پر معاشرے کے مابین براہ راست شراکت داری کو مستحکم کرے گی۔مزید براں انھوں نے کہا کہ نادرا کی خدمات کو عوام کی نظر سے دیکھا جائے گا، جو پاکستانی عوام کے سامنے نادرا بحیثیت قومی ادارہ شفافیت اور احتساب کے عمل کو یقینی بنائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ناردار ‘رہبر’ایپ ڈیجیٹل پاکستان وژن اور ای گورننس کا حقیقی مظہر ہے۔
تفصیلات کے مطابق ‘رہبر’ایک صارف دوست ایپ ہے جو صارفین کو پاکستان میں کہیں بھی نادرا کے دفاتر کا پتا لگانے کے قابل بنائے گی۔ یہ ایپ دفاتر کی فہرست کے ساتھ ساتھ ان دفاتر کو نقشے پر بھی دکھائے گی۔ یہ ایپ رجسٹریشن آفس کے ساتھ قریبی موبائل رجسٹریشن وین کا مقام بھی دکھاتی ہے، جس سے صارفین کو با آسانی کسی بھی نادراسنٹر کی طرف جا سکیں گے۔
مزید یہ کہ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں موبائل ایپ خواہش مند صارفین کو مذکورہ نادرا سنٹر میں موجود درخواست دہندگان کی تعداد اور انتظار کا مناسب اندازہ فراہم کرتا ہے۔ ایپ میں مراکز کو ترتیب دینے کیلئے فلٹرز بھی موجود ہیں، جن میں صرف خواتین مراکز، چوبیس گھنٹے نادرا دفاتر اور ایگزیکٹیو نادرا دفاتر شامل ہیں۔ ایپ میں آٹو ریفریش فیچر ہے جو ہر تین منٹ کے بعد خودکار طریقے سے ریفریش ہو جاتا ہے تاکہ تمام نارا رجسٹریشن سنٹرز کی پروسسنگ کا اوسط وقت، مقام اور قطار میں موجود تعداد کو اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔ مزید یہ کہ اس کا اپنا سرچ انجن ہے جو شہر، نام یا مقام کے ذریعے نادرا کے تمام دفاتر کی تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
یہ نیویگیشنل موبائل ایپ نادرا کی تکنیکی صلاحیتوں اور شہریوں پر مرکوز نقطہ نظر کی نمائندگی کرتی ہے۔ نادرا رہبر موبائل ایپ گوگل پلے سٹور (اینڈرائیڈ)اور ایپل سٹور(آئی او ایس)سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ اپنے آس پاس موجود نادرا کی سہولیات یا نادرا دفاتر سے منسلک ہونے کیلئے ابھی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں