پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے لئے 100فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دنے کا فیصلہ

لاہور:(سی این پی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے لئے 100فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی ) کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی،سٹیڈیم میں آنے کیلئے 12 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسینیشن لازم ہو گی، پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجراء کیلئے میکنزم تیار کرے گا۔وفاقی اور صوبوں کو جاری کئے گئے مراسلہ میں بتایا گیا کہ پی سی بی کرکٹ میچز کیلئے سکیورٹی انتظامات اور کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہو گی اور کرکٹ سٹیڈیم میں تماشائیوں کیلئے ماسک، سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہو گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن سیون کا آغاز 27 جنوری سے ہوگا، جس کے لئے رواں ماہ ڈرافٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا تھا،عمر اکمل کی لیگ میں واپسی ہوئی،کرس گیل، بین ڈنک، احمد شہزاد ،محمد عرفان سمیت کئی بڑے نام پی ایس ایل 7 کا حصہ نہیں ہونگے۔ لاہور کے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ و دیگر شریک ہوئے جبکہ فرنچائز مالکان نے 6 مختلف کیٹگریز میں 18 کھلاڑیوں کا چناؤ کیا،میگا ایونٹ میں مجموعی طورپر34میچز کھیلے جائیں گے۔