کینیا میں پاکستانی حکام نے سینئر صحافی ارشد شریف کی میت کی شناخت کرلی۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ہائی کمشنر، کینیا کے پولیس حکام اور ڈاکٹرز اس وقت نیروبی میں ڈیڈ ہاؤس میں ہیں، پاکستانی سفیر نے مرحوم ارشد شریف کی شناخت کرلی ہے جس کے بعد اب میت کی واپسی کے لیے قانونی عمل شروع کردیا گیا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ارشد شریف کی وطن واپسی کے لیے ضابطے کی کارروائی کی جارہی ہے، کینیا کے حکام کو ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی ہے۔
ادھر معروف صحافی کے انتقال پر ان کے ساتھیوں، صحافی برادری اور سیاستدانوں کی جانب سے اظہار تعزیت کیا جارہا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ارشد شریف کی وفات کو صحافت اور پاکستان کے لیے عظیم نقصان قرار دیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ارشد شریف کی روح کو سکون ملے اور اللہ ان کے خاندان اور چاہنے والوں کو اس نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ دے‘۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’صحافی ارشد شریف کی المناک موت کی خبر پر شدید افسردہ ہوں، اللہ تعالیٰ ان کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘۔
سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیئر صحافی ارشد شریف کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر صدمہ ہوا جس نے سچ بولنے کی آخری قیمت اپنی جان کی صورت ادا کی، انہیں ملک چھوڑ کر بیرون ملک روپوش ہونا پڑا لیکن وہ طاقتوروں کو بے نقاب کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر سچ بولتا رہے، آج پوری قوم ان کی وفات پر سوگوار ہے‘۔