بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ، دھماکا جناح روڈ پر سلیم کمپلیکس پر ہوا

کوئٹہ: (سی این پی) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں جناح روڈ پر سلیم کمپلیکس کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایدھی ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد 3 افراد جاں بحق جبکہ 14افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے دھماکے والی جگہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔دوسری طرف چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو جلد طبی امداد فراہم کرنے ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں، دھماکا ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کاروائی ہے، ملک دشمن عناصر بلوچستان کی پرامن فضا کو خراب کرناچاہتے ہیں جو ہمیشہ ناکام رہیں گے۔
اس سے قبل 18 دسمبر کو کوئٹہ میں دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا اور 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ 4 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔