25 اکتوبر کو لاہور اورنج لائن ٹرین کو 2 سال مکمل ہو گئے اور اس دوران 25 اکتوبر 2020 کو ٹرین کے افتتاح سے لے کر اب تک تقریباً 5 کروڑ مسافرں نے اس ٹرین سے استفادہ کرتے ہوئے سفر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں اورنج لائن ٹرین پروجیکٹ کے آپریشن کی ذمہ دار کمپنی کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی جس میں چین کے قونصل جنرل، چینی انجینئر، پاکستانی عملے، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) کے اعلیٰ عہدیداروں اور دیگر نے شرکت کی۔
اورنج لائن ٹرین کے نمائندے نے بتایا کہ ٹرین نے ڈھائی کروڑ کلو میٹرسفر کیا اور 99.99 فیصد وقت کی پابندی کے ساتھ 2 لاکھ دورے مکمل کیے، کمپنی میں 97 فیصد مقامی عملہ ہے جبکہ اس میں 50 کروڑ مسافروں نے سفر کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 25 اکتوبر 2021 سے لے کر 25 اکتوبر 2022 تک مسافروں کی تعداد بڑھ کر 3 کروڑ تک پہنچ گئی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے مسافر میٹرو ٹرین پر سفر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
تقریب میں اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کے حوالے سے ویڈیوز دکھائی گئیں اور بہترین کارکردگی پر اسٹاف کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ اورنج لائن ٹرین علی ٹاؤن سے ڈیرہ گجران تک 26 اسٹیشن سے ہر پانچ منٹ بعد روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک سفر کرتی ہے۔
جبکہ اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ چین ریلوے گروپ لمیٹیڈ اور چین کی شمالی انڈسٹری کی جانب سے تعمیر کی گئیں جبکہ نورینکو انٹرنیشنل گوانگزو میٹرو گروپ اور ڈائیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس لمیٹیڈ پر ٹرین کے آپریشن اور دیکھ بھال کا انتظام ہے، اس پراجیکٹ کی وجہ سے 2 ہزار لوگوں کو ملازمتوں کے مواقع ملے۔
واضح رہے کہ اس پروجیکٹ نے اربن ریل ٹرانزٹ کی کیٹیگری میں سال 2021 کے بہترین برانڈ کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ برانڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے سال 2021 کے بہترین سی ای او کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب ماس ٹرنزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) میں نئے ممبران کی تعیناتیوں کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق نئے ممبران کی تعیناتی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ایکٹ 2015 کی دفعہ 3 (6) (بی) (ڈی) اور (ای) کے تحت کی گئی ہیں۔
جن ممبران کی تعیناتی کی گئی ان میں ریٹائرڈ کرنل غضنفر عباس (ایم پی اے، پی پی 128) جو اتھارٹی کے وائس چئیرمین کے طور پر کام کررہے ہیں، غلام علی اصغر خان لہری (ایم پی اے، پی پی پی 80)، چوہدری افتخار حسین گوندل (ایم پی اے، پی پی 81)، شمیم آفتاب (ایم پی اے، ڈبلیو 303)، خدیجہ عمر (ڈبلیو 362)، شعیب شیخ (ہائی نون گروپ کے ڈائریکٹر کمزیومر مارکیٹنگ اینڈ کوآپریٹ کمیونیکیشن)، احسن علی چغتائی (سینئر بینکر اور مالیاتی شعبہ کے ماہر) اور خاور حیاب (نیو اسٹاف لائن کوچز کے مینجنگ ڈائریکٹر) شامل ہیں۔