وزیراعظم شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو شرم الشیخ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کی 27 ویں کانفرنس (کوپ 27) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کل دورہ مصر پر روانہ ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام کا وفد کانفرنس میں شرکت کرےگا، اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 27) مصر میں منعقد کی جائے گی۔
مصر کی زیر صدارت ہونے والے کوپ 27 کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کانفرنس کے شریک صدر ہوں گے۔
وزیراعظم اعلیٰ سطح کی دیگرتقریبات میں بھی شرکت کریں گے جن میں ایگزیکٹیو ایکشن پلان کے لیے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے اجرا کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی گول میز کانفرنس اور 7 نومبر کو مشرق وسطیٰ کے گرین انیشیٹو سمٹ بھی شامل ہے۔