پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد سے تین اراکین قومی اسمبلی اور پارٹی سیکریٹری جنرل ہونے کے باوجود 3 نومبر کو پارٹی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد سے وفاقی دارالحکومت میں ایک بھی احتجاج نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق پارٹی کا احتجاج صرف پنجاب اور خیبرپختونخوا تک محدود ہے جہاں وہ برسراقتدار ہے اور وہاں اسے پولیس کی گرفتاریوں کا کوئی خوف نہیں ہے۔
تاہم اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات عامر مغل نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں احتجاج نہ کرنا ایک دانستہ اقدام ہے کیونکہ 11 نومبر بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی اور قیادت نہیں چاہتی تھی کہ کارکنان احتجاج کریں اور انہیں اس سے پہلے گرفتار کیا جائے۔
عمران خان اس وقت زخمی ہوئے جب پارٹی کا حقیقی آزادی مارچ وزیر آباد پہنچا تھا، اس حملے میں پی ٹی آئی کے ایک حامی جاں بحق ہو گئے تھے جس کی شناخت معظم نواز کے نام سے ہوئی تھی جبکہ پارٹی کے 14 رہنما اور کارکن زخمی ہوئے تھے، اس کے بعد عمران خان کو لاہور کے شوکت خانم کینسر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔حملے کے بعد پارٹی نے ملک بھر میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اس کے احتجاج زیادہ تر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کیے گئے۔