ممنوعہ فنڈنگ کیس، عمران خان و دیگر کی ضمانتوں میں توسیع، سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد(سی این پی )بنکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کی عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کےفارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں سابق وزیر اعظم عمران خان،طارق شفیع،فیصل مقبول و دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع جبکہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران وکیل انتظار حسین پنجوتھا نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان ایک ہفتے کی بیڈ ریسٹ پر ہیں، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے،دوران سماعت شریک ملزم فیصل مقبول شیخ کی جانب سے بھی استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جبکہ کیس میں شریک ملزمان حامد زمان ،سردار اظہر،سید یونس،طارق شفیع عدالت پیش ہوئے،عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے پیش ہونے تک سماعت میں وقفہ کردیا، اسی دوران سینیٹر سیف اللہ نیازی بھی عدالت پیش ہوگئے، وقفہ کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے اورکہاکہ کرنل ریٹائرڈ یونس،طارق شفیع،حامد زمان کی جانب سے انوسٹیگیشن جوائن کی گئی ہے جبکہ دیگر ملزمان کی جانب سے انوسٹیگیشن جوائن نہیں کی گئی نہ ہی تعاون کیا جا رہا ہے ،سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کی جانب سے عمران خان کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ قانون کی نگاہ میں تمام ملزم برابر ہیں،وکیل صفائی نعیم پنجوتھا نے انوسٹیگیشن جوائن کرنے کی یقین دہانی کرائی، عدالت نےاستفسار کیاکہ انوسٹیگیشن کب جوائن کریں گے،جس پر وکیل نے کہاکہ ایک ہفتے کے بیڈ ریسٹ پر ہیں،میڈیکل کروا کے انوسٹیگیشن جوائن کریں گے،24 ایف آئی آر درج ہوئی ان تمام میں شریک ہوئے،اس موقع پر تفتیشی افسر نے بتایاکہ دیگر ملزمان طارق شفیع ،سردار اظہر ،سید یونس رضا،حامد زمان کی جانب سے انوسٹیگیشن جوائن کر لی گئی ہے،فیصل مقبول کی جانب سے عبوری ضمانت کے بعد انوسٹیگیشن جوائن نہیں کی،عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت23 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔بعدازاں عدالت نے اسی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ نیازی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری بھی ایک لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئےسیف اللہ نیازی کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی اور سماعت23 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔