پاکستان کرکٹ ٹیم نےٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کی تیاری کے لیے میلبرن میں بھرپور پریکٹس کی تاہم نائب کپتان شاداب خان پہلے سیشن میں شریک نہ ہوئے۔پاکستان کرکٹ ٹیم پریکٹس کے لیے میلبرن پہنچی تو بادل بھی میلبرن گراؤنڈ پہنچ گئے، بارش شروع ہوئی تو ٹیم نے انڈور ٹریننگ کا پلان بنایا لیکن کچھ دیر بعد بارش تھم گئی اور دھوپ نکل آئی جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیٹ ایریا میں پریکٹس سیشن کیا تاہم شاداب خان اس سیشن میں موجود نہیں تھے۔
شاداب خان کے پریکٹس سیشن میں حصہ نہ لینے کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ وہ آرام کرنا چاہتے تھے انہیں کوئی انجری نہیں ہے۔گرین شرٹس کے پریکٹس سیشن میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا بھی موجود تھے جنہوں نے پریکٹس سیشن دیکھا اور ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات بھی کی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، انگلینڈ کی ٹیم آج ایڈیلیڈ سے میلبرن پہنچے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔