پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کے تقرر سے متعلق صدر مملکت کی عمران خان سے ملاقات کا ہینڈ آؤٹ 7 بجے تک جاری کیا جائے گا۔پاک فوج میں اہم عہدوں پر تعیناتی سے متعلق وفاقی حکومت کی جانب سے ارسال کردہ سمری پر مشاورت کے لیے صدر مملکت ڈاکٹرعارف نے علوی سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔
لاہور کے زمان پارک میں ہونے والی ملاقات کے بعد تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور صدر مملکت کی 45 منٹ طویل ملاقات ہوئی ہے جس میں نئے آرمی چیف کے تقرر سے متعلق آئینی اور قانونی امور پر مشاورت کی گئی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملاقات کے دوران سیاسی اور آئینی امور بھی زیر بحث آئے، اس دوران صدر مملکت اور عمران خان نے تمام پہلوؤں سے اس تقرر کے عمل کا احاطہ کیا ہے۔فواد چوہدری نے بتایا کہ صدر مملکت چیرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کےبعد اسلام آباد روانہ ہوچکے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نئے آرمی چیف کے تقرر سے متعلق صدر مملکت کی عمران خان سے ملاقات کی تفصیلات کا ہینڈ آؤٹ آج شام ساڑھے 6 سے 7 بجے تک ایوان صدر اسلام آباد سے جاری کیا جائے گا۔
قبل ازیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور پہنچ تھے۔اس دوران پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چوہدری بھی عمران کی لاہور رہائش گاہ پر موجود تھے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور زمان پارک میں سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کر کے اہم تعیناتیوں کی سمری پرمشاورت بھی کی۔
اس مشاورت کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شبلی فراز نے کہا کہ عارف علوی ملک کے صدر ہیں مگر آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری پر پارٹی چیئرمین کے ساتھ مشاورت کرنا ان کا اخلاقی حق ہے جس پر ان کو عمل کرنا چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے عمران خان کے چیف آف اسٹاف شبلی فراز نے کہا کہ صدر عارف علوی اس وقت ملک کے صدر ہیں مگر پارٹی چیئرمین سے مشاورت کرنا عام بات ہے جس پر ان کو عمل کرنا چاہے اور امید ہے کہ وہ ایسا کریں گے۔