آزاد جموں و کشمیر کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ضلع مظرآباد میں اپنی حریف جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات تک غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق میونسپل کارپوریشن مظفرآباد میں 12 نشستوں پر مسلم لیگ (ن)، 10 پر تحریک انصاف جبکہ پیپلز پارٹی سمیت آزاد امیدوار 7 نشستوں پر کامیاب ہوئے جس کا مقصد ہے کہ مخالف جماعتیں اپنا میئر لانے کی پوزیشن میں ہیں۔
اسی طرح ضلع کونسل کے 41 اراکین کے لیے بھی تحریک انصاف کے لیے اچھی خبر نہیں تھی کیونکہ 30 نشستوں کے نتائج میں وہ پیچھے ہے۔
جہلم ضلع میں تحریک انصاف نے ضلع کونسل کی 18 میں سے 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ضلع نیلم میں بھی ڈسٹرکٹ کونسل کی نشستوں پر تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے اعلان کے بعد کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے متعلقہ علاقوں میں ریلیاں نکال کر نعرے لگائے۔