وزیراعظم شہبازشریف سے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم نے جنرل قمرجاوید باجوہ کی پاک فوج، ملکی دفاع اور قومی مفادات کیلئے خدمات کو سراہا۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ فیٹف،کورونا، سیلاب اورمختلف بحرانوں میں جنرل قمرجاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے مثالی خدمات انجام دیں۔
ان کا کہنا تھاکہ دہشتگردی کے عفریت کو کچلنے کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے شجاعت وبہادری سے کردار ادا کیا، انہوں نےتاریخ کےایک مشکل مرحلے پر پاک آرمی کی قیادت کی اور دفاع پاکستان ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ جنرل قمرجاویدباجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔
انہوں نے جیو اکنامکس کی اہمیت سے متعلق جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
Prime Minister @CMShehbaz commended General Qamar Javed Bajwa's services for the Pakistan Army, country's defence and national interests@PakPMO @OfficialDGISPR https://t.co/K4jkvb9AYH pic.twitter.com/6NMVJl0h3w
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) November 28, 2022
وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو میں کہا کہ آپ کو دنیا کی بہترین آرمی کی قیادت کا باعث فخراعزاز حاصل ہوا۔آرمی چیف جنرل نے قومی امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کل ریٹائر ہورہے ہیں، پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کل ہوگی۔ جنرل عاصم منیر پاک فوج کے نئے سربراہ کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھالیں گے۔