قطر میں جاری فیفا ورلڈ فٹبال ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسڑیلیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنا لی ہے، ارجنٹائن کی جیت میں اہم کردار ان کے شہرہ آفاق سٹرائیکر میسی کا رہا جو اپنے انٹرنیشنل فٹبال کیریئر کا 1000واں میچ کھیل رہے تھے، 35 سالہ میسی ملک کی جانب سے 169 واں میچ کھیل رہے تھے، میچ کے آغاز میں ہی ارجنٹائن نے آسڑیلیا کی ٹیم پر حملے کئے اور اسے دبائو کا شکار کیا جس کے نتیجے میں میچ کے 35 ویں منٹ میں میسی نے شاندار گول سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی
پہلے ہاف کے اختتام تک ارجنٹائن کی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی میچ کے دوسرے ہاف میں بھی ارجنٹائن نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور 57 ویں منٹ میں الوریز نے ارجنٹائن کی جانب سے دوسرا گول سکور کرتے ہوئے برتری کو ڈبل کر ڈالا، اس کے بعد آسڑیلوی ٹیم نے کھیل میں واپسی کی سرتوڑ کوشش کی اور بالآخر انہیں میچ کے 77 ویں منٹ میں اس وقت کامیابی ملی جب فرنینڈز نے گول سکور کرتے ہوئے مقابلہ دو ایک کردیا مگر اس کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم نے آسڑیلیا کی جانب سے مزید گول کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا اور فائنل وسل تک مقابلہ دو ایک رہا۔