افغانستان میں دھماکا، 7 افراد جاں بحق

افغانستان کے صوبے بلخ میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں پیٹرولیم کمپنی کے سات ملازمین جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبے بلخ کے پولیس ترجمان محمد آصف وزیری نے بتایا کہ آج صبح 7 بجے مزار شریف شہر میں سید آباد موڑ کے قریب آئل کمپنی کے ملازمین کی بس کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ترجمان پولیس نے غیر ملکی خبررساں ادارے  کو بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے حادثہ کو سیل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بم سڑک کنارے موجود ریڑھی میں نصب تھا جو بس مذکورہ مقام پر پہنچنے پر دھماکے سے پھٹ گیا، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔محمد آصف وزیری نے بتایا کہ اب تک کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، سیکیورٹی حکام واقعے کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے   کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بس میں سوار ملازمین کس کے لیے کام کرتے تھے۔صوبہ بلخ ازبکستان کی سرحد کے قریب ہیراتان قصبے میں افغانستان کی خشک بندرگاہوں میں سے ایک ہے۔گزشتہ سال اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ خطے میں سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی ، رواں سال افغانستان میں کئی دھماکے اور حملوں کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں افغانستان کے شہر ایبک میں قائم مدرسے میں دھماکا ہوا تھا جس میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہوگئے تھے۔