بھارت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے، بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان

پاکستان آرمی کے تھینک ٹینک ممتازدانشور اور ماہرسماجیات بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کی پاسداری میں مکمل دلجمعی،ہم آہنگی اور مساویانہ رواداری کے اقدامات کے حوالے سے کوشاں ہے۔معاشرتی شعور و آگاہی کے فقدان کے باعث ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کی پامالیوں میں قومی تشخص بری طرح متاثر ہورہا ہے،جبکہ بھارت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے اور اقوام عالم خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انسانی حقوق کا چارٹرڈ تب مکمل ہوسکتا ہے،جب عدل و مساوات،انصاف کی فراہمی اور معاشی تحفظ کے بیانیہ کو یقینی بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کریسنٹ لائینز کلب کے زیر اہتمام عالمی یوم انسانی حقوق کے سلسلے میں خیابان جوہر سیکٹر ایچ ایٹ میں منعقدہ واک کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق ڈسٹرکٹ گورنر لائینز کلبز انٹرنیشنل لائن ڈاکٹر مسعود غنی مہمان اعزاز تھے جبکہ لائن سبطین رضا لودھی،لائن ڈاکٹر جمیل اصغر بھٹی،لائن ڈاکٹر تمینہ ناز،زیب النساء سربراہ سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباداور وویمن نیٹ ورک کی سربراہ اور اقلیتی رہنما آسیہ ناصر سمیت دیگرممتاز شخصیات اور مختلف طبقہ ہائے فکر کی نمائندہ شخصیات نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ پاکستان کے سافٹ امیج کیلئے تمام طبقات ہائے فکر اور عدلیہ،پارلیمان اور میڈیاکو یکساں طور پراپنی ذمہ داریوں سے سرخرو ہونا ہوگا۔ریاست پاکستان اقوام متحدہ کے دستور اور منشور کی پابند ہے۔لہذا پاکستان تعلیمی نصاب میں انسان حقوق کے مضمون کو شامل کرے اور طلباء و طالبات سمیت پاکستانی مرد وزن میں احترام انسانی حقوق کی سربلندی کی کاوشوں کو یقینی بنا کر ہی پاکستان کو پائیدار ترقی کی طرف گامز ن کیاجاسکتا ہے۔گھر کی دہلیز سے لے کر لحد کے سفر تک تعلیم و تربیت کے بدولت ہم اپنے بنیاد ی مسائل کاخاتمہ کر سکتے ہیں۔