چین نے پاکستان کو مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ چینی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں چینی سفیر نونگ رونگ کی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں چینی سفیر نے وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کو چین کی حکومت کی جانب سے مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ چین کی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قسم کی مد د کرنے کو تیار ہے۔گزشتہ ماہ نومبر میں اسحٰق ڈار نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ وزیراعظم شہاز شریف کے دورہ چین کے دوران پاکستان نے چین سے اضافی مالی مدد کے لیے 9 ارب ڈالر کی امداد طلب کی تھی، تاہم چینی قیادت نے 4 ارب خودمختار قرضوں، 3 ارب 30 کروڑ ڈالر کے کمرشل بینک قرضوں کی ری فنانسنگ اور کرنسی سویپ کو تقریباً ایک ارب 45 کروڑ ڈالر بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، یہ رقم مجموعی طور پر 8 ارب 75 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔
پاکستان کو قرضہ اور تجارت کی ادائیگی سمیت بین الاقوامی ادائیگیاں کرنے کے لیے 30 جون 2023 تک کم از کم 34 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، چین اور سعودی عرب نے تقریباً 13 ارب ڈالر اضافی امداد کی یقین دہانی کروائی ہے۔اسحٰق ڈار نے اپنے بیان چینی سفیر کے مسلسل تعاون اور مدد کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور گہری جڑوں والے مضبوط دوستانہ تعلقات کو سراہا۔دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کو بالخصوص اقتصادی اور مالیاتی شعبوں مزید وسعت دینے کے کئی مواقع پر غور کیا۔
چینی سفیر نے حکومت کی جانب سے مالیاتی اور اقتصادی استحکام کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لیے کیے جانے والے پالیسی اقدامات کی تعریف کی ۔اس سے قبل اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ چینی صدر اور وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ چین کی حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور کبھی مایوس نہیں ہونے دے گی۔