صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کا کشمیر سے متعلق اہم بیان بھی شیئر کیا۔صدر عارف علوی نے اپنے قائد اعظم محمد علی جناح کے 146 ویں یوم پیدائش پر کہا کہ آج قائد کے جمہوری اقدار کے وژن کو برقرار رکھنےکا عہد کریں، خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے قائد کے فرمان پر عمل درآمد کریں گے، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کی طرف سفر کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ صحیح وقت پر درست فیصلہ کریں گے اور قائداعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو مستحکم کریں گے۔صدر پاکستان نے کہا کہ قائداعظم نےکہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کوئی قوم اپنی شہ رگ کو دشمن کے قبضے میں رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتی، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنےکا عہد کرتے ہیں۔