رینجرز اور پولیس کی لیاری میں خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی ، سندھ پولیس نے انتہائی مطلوب دو دہشتگرد گرفتار کرلیے ۔ترجمان پولیس کے مطابق رینجرز اور پولیس نے لیاری میں خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشتگرد شکیل کمانڈو اور ندیم ندو کو گرفتارکرلیا ، دونوں دہشتگردوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قتل،اقدام قتل، بھتہ خوری، پولیس اور مقابلوں میں ملوث تھے، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ،ایمونیشن برآمد کرلیا گیا ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شکیل کمانڈو کے سر پر دس لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا ،شکیل کمانڈو لیاری گینگ وارکمانڈر عبدالرحمان بلوچ گروپ میں شامل تھا اورملزم اپنے مخالف غفار ذکری گروپ کے متعدد کارندوں کے قتل میں ملوث رہا ۔
ترجمان کے مطابق ملزم عیدو لین میں قائم ٹارچر سیل کا مرکزی انچارج بھی رہا، ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ وصولی، پلاٹوں پر قبضے، منشیات فروشی کے کاروبار میں بھی ملوث رہا ۔
ترجمان کراچی پولیس نوید کمال نے مزید بتایا کہ شکیل کمانڈو 2013 میں لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ میں شامل ہوا ، ملزم مختلف مقامات پر اسلحہ ڈمپ کرنے میں بھی ملوث ہے، دونوں ملزمان کراچی آپریشن کے دوران ایران فرار ہو گئے تھے۔