بدنام زمانہ منشیات فروش ملک ساغر جاویدسمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب اور منشیات برآمد ،ضلع بھر میں شراب اور منشیات ڈیلرز کے خلاف بڑا ایکشن جاری: انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد احسن یونس

اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد تھانہ شالیمار پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش ملک ساغر جاویدسمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب اور منشیات برآمد کر لی ، شراب فروش ساغر جاوید شراب فروشی کے 20مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم ہے ، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے مزید تفتیش جاری ہے ۔تفصیلا ت کے مطا بق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد احسن یونس کی ہدایات پر ضلع بھر میں شراب اور منشیات ڈیلرز کے خلاف بڑا ایکشن جاری ہے


گزشتہ روز ایس پی صدر تصور اقبال کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ شالیمار ٹیپو سلطان معہ ٹیم نے مخبر خاص کی اطلاع پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں اوراسلام آباد میں بدنام زمانہ منشیات و شراب فروش ملک ساغر جاوید سمیت بدنام منشیات فروش محمد آصف ، محمداعجاز اور محمد فیاض کو حکمت عملی سے گرفتار کرلیا، پولیس نے ملک ساغر جاوید جو کہ اپنی گاڑی میں منشیات اور شراب کی بڑی کھیپ کے ساتھ جارہا تھا کو روک کر چیک کیا تو گاڑی سے 1180گرام چرس ،110گرام آئس اور گاڑی کی ڈگی سے 49بوتلیں امپورٹڈ شراب برآمد ہوئی ، ملک ساغر جاوید ایک بدنام شراب فروش ہے جس کے خلاف تھانہ شالیمار اور کوہسار میں شراب فروشی کے 20مقدمات درج ہیں ، اسی طرح پولیس ٹیم نے ایک اور کارروائی کے دوران ایف الیون سروس روڈ پر دوران چیکنگ ایک پیدل چلتے ہوئے مشکوک شخص کو روک کر قابو کیا تو اس کے قبضے سے 1045گرام چرس برآمد ہوئی ، ملزم نے اپنا نام محمد اعجاز بتایا جو ایک سابقہ ریکارڈ یافتہ منشیات فروش نکلا جس کے خلاف تھانہ شالیمار میں قبل ازیں شراب فروشی کے 04مقدمات درج تھے، دو اور کارروائیوں کے دوران سابقہ ریکارڈ یافتہ شراب فروش محمد اعجاز کو گرفتار کر کے 20لیٹر شراب جبکہ ملزم محمد فیاض سے 25لیٹر شراب برآمد کرلی، ملزمان کے خلاف تھانہ شالیمار میں الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے ، آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ اسلام آباد پولیس شراب و منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی ، ایسے مکروہ اور گھناونے کاروبار میں ملوث عناصر کو کسی بھی صورت نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کرنے کی ہرگز اجاز ت نہیں دی جائے گی۔