عمران خان نے جمعے کو اسمبلی توڑنے کا وعدہ کیا تھا، آج پھر جمعہ ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ رجیم چینج کی بات امریکا سے چلتی ہوئی اب ایک آدمی تک آ گئی ہے، پنجاب میڈیکل بورڈ نے کہا ہے کہ عمران خان کو کوئی گولی نہیں لگی، عمران خان کے جھوٹ پر اعتبار کرنے والوں کو سمجھنا چاہیے کہ یہ بہروپیا ہے جو اپنی کہی ہوئی بات سے مکر جاتا ہے۔

عمران خان کے خطاب پر ردِعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان چار حکومتیں لے کر بیٹھے ہوئے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں بے بس ہوں، آئی ایم ایف سے معاہدہ کرتے وقت تو آپ بے بس نہیں تھے؟

انہوں نے مزید کہا کہ یہ آدمی بائیس کروڑ عوام کا مجرم ہے جس نے ملک میں معاشی تباہی کی، عمران خان نے ملک میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا، یہ کیسی بے بسی ہے کہ عمران خان کی پنجاب حکومت ان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے کو پکڑ نہیں سکتی؟

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ اپنا صوبہ چھوڑ کر زمان پارک کی غلامی کر رہا ہے، عمران خان نے جمعے کو اسمبلی توڑنے کا وعدہ کیا تھا، آج پھر جمعہ ہے۔