میتھی ایک عام دستیاب بوٹی یا یوں کہہ لیں سبزی ہے جس کا استعمال عموماً موسم سرما میں بڑھ جاتا ہے، میتھی کو اکثر آلو کے ساتھ پکا کر کھایا جاتا ہے۔مگر کیا آپ کو پتا ہے کہ یہ سبز پتے صحت کے لیے کتنے فائدہ مند ہیں جس کے بیج بھی مصالحے اور مختلف ادویات کی تیاری کے لیے استعمال ہوتے ہیں؟
اگر معلوم نہیں تو میتھی کے فوائد جان لیں۔
میتھی بریسٹ ملک کی مقدار بڑھانے کے لیے کافی فائدہ مند ہے، اسے چائے یا سپلیمنٹ کی شکل میں استعمال کرنا خواتین کو اس مسئلے سے نجات پانے میں مدد دے سکتا ہے۔
میتھی جراثیم کش ہونے کے ساتھ اینٹی آکسائیڈنٹ سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ جسمانی ورم میں کرکے مختلف امراض جیسے ڈپریشن، امراض قلب اور جوڑوں کے درد وغیرہ سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
یہ بھوک بڑھانے کے لیے فائدہ مند ہے جبکہ غذائی نالی کے مختلف مسائل جیسے بدہضمی، قبض اور گیس جیسے مسائل کے خلاف بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔ اس کو کھانے سے معدے میں شوگر جذب ہونے کی رفتار سست ہوتی ہے اور انسولین کی پیداوار بڑھتی ہے جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے اسے بہترین ثابت کرتا ہے جبکہ یہ کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔