خیبرپختونخوا کے علما نے دہشتگردوں اور دہشتگرد کارروائیوں کے خلاف فتویٰ جاری کردیا۔مختلف مکاتب فکر کے علما نے دہشتگردی کے خلاف واضح اعلان کیا ہے جس میں دارالعلوم سرحد پشاور، جامعہ دارالعلوم حقانیہ اور تنظیم المدارس کے علما نے فتویٰ جاری کیا۔
وفاق المدارس العربیہ، ربط المدارس، وفاق المدارس اسلفیہ، وفاق المدارس الشیعہ، جامع تعلیم القران اور علما کونسل خیبرپختونخوا کی جانب سے دہشتگردی کی مذمت کی گئی ہے۔علما کی جانب سے جاری فتویٰ میں کہا گیا ہےکہ جہاد کا اعلان اسلامی ریاست کا سربراہ کرسکتا ہے، ہرشخص کو جہاد کے اعلان کا حق نہیں، قانون کی پاسداری سے گریز کرنا شرعاَ ناجائز ہے۔
فتویٰ میں مزید کہا گیا ہےکہ پولیس اور فوجی اہلکاروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا شرعاَ ناجائز اور ریاست کےخلاف ہے، حاکم وقت کے خلاف خروج بغاوت ہے، اسلامی ریاست کے اندرکسی قسم کا فتنہ وفساد، محاذ آرائی پھیلانا شریعت کی روسے جائز نہیں۔فتویٰ کے مطابق پاکستان کے دستور اور قانون سے بغاوت کرنے والا سزا کا مستحق ہوگا۔