نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بزرگ شہریوں کی انگلیوں کے نشانات کی تصدیق میں پیش آنے والے دیرینہ مسئلے کا جدید ترین حل متعارف کرا دیا۔ ساٹھ سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو بالخصوص بینکوں میں بائیومیٹرک تصدیق میں مشکل پیش آنے کی صورت میں ان سے چند خفیہ سوالات پوچھے جائیں گے جن کے درست جوابات دینے پر ان کی تصدیق فوری کر دی جائے گی۔
بزرگ شہریوں کے لئے نادرا تصدیق سروس کے آغاز کے سلسلے میں نادرا ہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے پاکستان کی مایہ ناز ادبی شخصیات پروفیسر فتح محمد ملک، کشور ناہید، افتخار عارف اور انور مسعود کے ہمراہ سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر شرکاء کے سامنے نادرا تصدیق سروس کا ڈیمو بھی پیش کیا گیا۔چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے اپنے ادارے کی اس جدت آمیز سہولت پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کو بزرگ شہریوں کی جانب سے اس طرح کی لاتعداد شکایات موصول ہو چکی ہیں کہ انہیں بالخصوص بینکوں میں فنگرپرنٹس کی تصدیق میں مشکلات پیش آتی ہیں جس کے پیش نظر نادرا نے یہ جدت آمیز سروس متعارف کرائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد میں مختلف وجوہ کی بناء پر بائیومیٹرک میچنگ میں مسائل پیش آنا ایک قدرتی عمل ہے کیونکہ عمر بڑھنے کے ساتھ جلد کی لچک کم ہوتی جاتی ہے اور انگلیوں کے نشانات مدھم پڑ جاتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں بزرگ افراد کی انگلیوں کے نشانان کی تصدیق نہیں ہو پاتی اور ایسے افراد کو بینکوں میں اکاونٹ یا رقم کی وصولی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
محمد طارق ملک نے بتایا کہ اب ہمارے بزرگ شہریوں کو اس پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے پر سسٹم آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا استعمال کرتے ہوئے ان سے چند خاندانی معلومات پر مبنی نادرا ڈیٹا بیس میں موجود ڈیٹا سے سوالات پوچھے گا جن کے درست جوابات ملنے پرمتعلقہ بینک کو ان کی شناختی معلومات موصول ہو جائیں گی اوران کی شناخت کی تصدیق ممکن ہو جائے گی۔
چیئرمین نادرا نے بتایا کہ اس وقت ملک میں کل 46 بینک کام کر رہے ہیں اور ایم سی بی، الائیڈ بینک، بینک الفلاح، بینک آف خیبر اور سونیری بینک سمیت پانچ بینکوں میں اس سروس نے کام شروع کر دیا ہے جبکہ نیشنل بینک، عسکری بینک، فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ اور خوشحالی بینک میں اس کی فائنل ٹیسٹنگ جاری ہے اور جلد ہی ان چار بینکوں میں بھی یہ سروس کام شروع کر دے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 15 بینکوں کو اس سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کا کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے جبکہ باقی 22 بینکوں میں بھی بہت جلد اس کا آغاز کر دیا جائے گا۔تقریب میں شریک پاکستان کے نامور ادیبوں پروفیسر فتح محمد ملک، کشور ناہید، افتخار عارف اور انور مسعود کے علاوہ بینک دولت پاکستان کے عہدیدوران اور دیگر شرکاء نے اس تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر اردو ادب کے نامور ادیب پروفیسر فتح محمد ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نادرا کو اس سروس کے اجراء پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نادرا پاکستان میں ایک ذمہ دار قومی ادارے کی بہترین مثال ہے جو معاشرے کے تمام طبقات کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے سرگرم عمل ہے۔ معروف اردو اور پنجابی مزاحیہ شاعر انور مسعود نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ شہریوں کے لئے تصدیق سروس کا اجراء اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہےکہ نادرا جیسا قومی ادارہ اپنے ملک کے بزرگ شہریوں کی قدرومنزلت سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ انہیں شناخت میں پیش آنے والے مسائل کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے۔ افتخار عارف نے کہا کہ اس مثالی پروگرام کو کرنا بہت بڑی خدمت ہے اس عمر میں انگوٹھے کے نشانات مدھم ہونے کی وجہ سے تصدیق عمل میں مشکلات ہوتیں۔ انہوں نے کہابنکوں کے معاملات، پنشن کا حصول، سرٹیفکیٹ کا اجراء و پاسپورٹ سمیت دیگر معاملات میں آسانی ہوگی۔ کشور ناہیدنے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 60 سال سے اوپر لوگوں کے مسائل الگ و پیچیدہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تصدیقی عمل دوران انگوٹھے کے نشان سے تصدیقی عمل روکاوٹیں پیدا ہوتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ نادرہ کی اس کاوش پر بزرگ افراد کی مشکلیں آسان ہوں گی-