ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج عطاء ربانی کی عدالت نےتھانہ گولڑہ کے علاقہ ای الیون میں نازیبا ویڈیو بنانے، تشدداور بلیک میلنگ کیس میں عدم پیشی پر متاثرہ لڑکےاور لڑکی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد(سی این پی)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج عطاء ربانی کی عدالت نےتھانہ گولڑہ کے علاقہ ای الیون میں نازیبا ویڈیو بنانے، تشدداور بلیک میلنگ کیس میں عدم پیشی پر متاثرہ لڑکےاور لڑکی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن کو ہدایت کی ہے کہ دونوں کو عدالت میں پیش کیاجائے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران ملزمان عثمان مرزا،فرحان ،عطا الرحمب،ادارس قیوم،محب خان، ریحان اور عمر بلال کو عدالت میں پیش کیاگیا جبکہ پراسکیوٹر رانا حسن عباس اور متاثرہ لڑکا اور لڑکی کے وکیل ارباب عباسی عدالت میں پیش ہوئے،اس موقع پر متاثرہ لڑکا اور لڑکی کے وکیل اور جج کے مابین سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، ارباب عالم عباسی ایڈووکیٹ نے کہاکہ مجھے ایسا لگتا ہے آپ مجھ سے پرسنل ہو رہے ہیں،میں نے غلطی کی وکالت نامہ دیکر اگر آپ کہتے ہیں وکالت نامہ واپس لے لیتا ہوں،میرا لڑکا اور لڑکی سے رابطہ ہوا وہ شہر سے باہر ہیں،استدعا ہے کہ تاریخ دے دیں آئندہ سماعت پر پیش کر دونگا، میرا پہلا تجربہ ہے اس قسم کے کیس میں پیش ہو رہا ہوں، وکیل نے کہاکہ عدالت نے زیادہ سختی نہیں کر دی آپ نے وارنٹ جاری کرنے ہیں،جج نے کہاکہ میں تو وارنٹ گرفتاری جاری کرونگا ایس ایس پی کو لکھونگا لڑکا لڑکی کو پیش کریں، تاریخ تو مل جانی ہے لیکن میں طریقہ اپنا اپناونگا،آپ کی درخواست آگئی ہے لڑکا اور لڑکی کو عدالتی طریقہ کار پر بلالوں گا،وکیل نے کہاکہ میں استدعا کر رہا ہو اگلی تاریخ پر لے آونگا، آپ مجھ پر الزام لگا رہے ہیں کہ میں کسی اور طریقہ سے پیش ہو رہا ہوں،ہم عدالتوں کی عزت کرتے ہیں اور ہم عزت دار لوگ ہیں استدعا کرنا ہمارا کام ہے،جج نے کہاکہ میں توقع کر رہا تھا انہوں نے آج آنا تھا،آپ کی استدعا آگئی بہت شکریہ میں حکم نامہ جاری کر دونگا،اس موقع پر وکیل نے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں متاثرہ لڑکی اور لڑکے کو پیش کرنے کی یقین دہانی کرا دی جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا،جس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر وکیل نے ایک بار پھر استدعا کی کہ متاثرہ لڑکا اور لڑکی شہر سے باہر ہیں پہنچنے میں تین گھنٹے لگ جائیں گے، عدالت نے دونوں کو طلب کرتے ہوئے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت آج 19 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی