گجرات کی ڈسٹرکٹ جیل پولیس اور قیدیوں کے درمیان ہاتھا پائی کے بعد انتشار کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک سینئر پولیس افسر زخمی ہوا جبکہ بیرکوں کو آگ لگا دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق جیل کے اندر سے گولیوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جبکہ قیدیوں کی جانب سے گارڈز پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔
گجرات ڈسٹرکٹ پولیس افسر غضنفر شاہ کے مطابق گزشتہ شام تقریباً 5 بجے جیل حکام اور قیدیوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد فسادات شروع ہوئے۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے قیدیوں کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے پتھراؤ شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں گجرات سٹی سرکل کے ڈی ایس پی پرویز گوندل اور دیگر افسران زخمی ہو گئے۔
زخمی افسران کو عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں منتقل کیا گیا، ڈی ایس پی پرویز گوندل کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پولیس نے فسادیوں کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی، تاہم انہیں قابو کرنے میں ناکام رہی۔