ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سوئیڈن کے بعد ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بیہودہ اور جارحانہ فعل کی شدید مذمت کرتا ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی اسلاموفوبک واقعہ ہے جیسا چند روز قبل سویڈن میں ہوا تھا، قرآن پاک کی بےحرمتی مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے کے لیے اظہار رائے کی آزادی کے حق کا استحصال ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی اس قانونی فریم ورک پر بھی سوالیہ نشان ہے جس کے پیچھے نفرت پھیلانے والے چھپتے ہیں، اس وقت دنیا کو پرامن بقائے باہمی کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کی ضرورت ہے ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کر سکتی ہے ، پاکستان اپنے اس موقف کا اعادہ کرتا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے ، قومی حکومتوں کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان نسل پرستانہ اور اسلام سے نفرت کی کارروائیوں کو روکے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے تحفظات ڈنمارک کے حکام تک پہنچائے جارہے ہیں ، ہم ڈنمارک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے، ڈنمارک ان نفرت انگیز اور اسلاموفوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ سویڈن اور نیدرلینڈ کے بعد ڈنمارک میں بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا ہے ، قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں ۔